اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ کے احکامات کی روشنی میں بجلی چوری اور اوور بلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون کے دوران پشاور زون میں ایف آئی اے نے 13 چھاپہ مار کاروائیاں کیں ، بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف 13 انکوائریاں درج کر لی گئیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں اینٹی کرپشن سرکل پشاور اور کمپوزٹ سرکل مردان کی جانب سے کی گئیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق دکانوں، گھروں،فلیٹس اور ٹیوب ویل پر مین لائن سے براہِ راست اور میٹر میں چھیڑ چھاڑ کر کے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔چھاپہ مار کاروائیاں الفیصل سٹریٹ باڑہ گیٹ ، توردھر صوابی، پانڈو روڈ پشاور ،پشاور سنٹر پلازہ رنگ روڈ پشاور پر کی گئیں ۔کارروائیوں میں پیسکو حکام نے موقع پر غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دئیے۔
غیر قانونی بجلی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی کیبل اور دیگر سامان کو بھی ضبط کر لیا۔بجلی چوری سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا جبکہ اوور بلنگ کی مد میں انسپکشن کے دوران 2میٹروں پر اوور بلنگ پائی گئی ۔
مذکورہ میٹروں کو 2772 یونٹس کی اوور بلنگ کی گئی ۔ایف آئی اے کی جانب سے تمام سرکلز میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ چھاپہ مار ٹیمیں متعلقہ حکام کے ساتھ مشترکہ کاروائیاں کر رہی ہیں۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔