ایف آئی اے نے ویزا فراڈ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کر لیا

140

اسلام آباد۔

4اپریل (اے پی پی):فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) انسداد انسانی سمگلنگ اسلام آباد سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم زیارات کے نام پر انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ہے۔گرفتار ملزم کی شناخت محمد عارف کے نام سے ہوئی ۔ملزم نے شہریوں سے زیارات پر بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے کا فراڈ کیا ۔

ملزم نے شہریوں کو عراق زیارات پر بھجوانے کے لیے 45 لاکھ روپے بٹورے ، گرفتار ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا ۔ ملزم کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایران سے پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا ۔ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا ۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔