اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے پوائنٹ آف سیل نظام کے اطلاق کو یقینی بنانے کیلئے ملک کے بڑے شہروں میں اقدامات جاری ہیں اور اب تک اس نظام سے 9552 سے زائد مشینیں منسلک ہوچکی ہیں۔ ایف بی آر کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ ملک کے بڑے شہروں میں ٹئیر۔ون میں آنے والے ریٹیل سٹورز میں پوائنٹ آف سیل نظام کے اطلاق کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اوراس ضمن میں فیلڈ دفاتر کو اہداف بھی دیئے گئے ہیں۔ اس نظام کے تحت ریٹیل سٹورز پرخریداری کرتے وقت ہی رسید کی کاپی خود کارنظام کے تحت ایف بی آر کے نظام کا حصہ بن جاتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ کو شش کی جارہی ہے کہ ٹئیر۔ون میں آنے والے تمام ریٹیلیرز کواس نظام سے منسلک کیا جائے۔ حکام نے بتایا کہ بڑے شاپنگ مالز میں دسمبر 2019 سے اس نظام کا آغاز کیا گیاتھا اور اب تک مختلف ریٹیل سٹورز پر سے 9552 سے زائد مشینیوں کو اس نظام سے منسلک کردیا گیاہے۔ اس نظام سے متعلقہ شکایات کا ازالہ بھی کیا جارہا ہے۔ایک اندازے کے مطابق ٹیئر۔ون میں 20 ہزار کے قریب سٹور آتے ہیں ۔ایف بی آر کے مطابق اس نظام کا دائرہ کار بتدریج پورے ملک تک پھیلایا جائے گا۔