ایف بی آر کی اپ گریڈیشن سے سمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، معاشی استحکام، ٹیکس دائرہ کار میں توسیع کی حکومتی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں،ایکٹ الائنس پاکستان

48
Act Alliance Pakistan
Act Alliance Pakistan

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):سول سوسائٹی کی 17 مختلف تنظیموں پر مشتمل ’’الائنس پاکستان‘‘ نے حکومت کی جانب سے معاشی استحکام اور ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی اپ گریڈیشن سے سمگلنگ پر قابو پانے اور محصولات کے حجم میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔

ایکٹ الائنس پاکستان کی جانب سے منگل کو یہاں جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کی اپ گریڈیشن مالیاتی چیلنجز سے نمٹنے ، منصفانہ اور موثر ٹیکس سسٹم کی حکومتی خواہش کی عکاسی کرتا ہے، ایکٹ الائنس پاکستان حکومت کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔الائنس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کو جدید خطوط پر استوار کرنا پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے ازحد ضروری ہیں۔

نئی چیک پوسٹوں کا قیام اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل سکینرزسے سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی اقتصادی سرگرمیوں کو روکنے میں مدد ملے گی اور قومی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا۔ایکٹ الائنس نے نان فائلرز پر پابندیاں عائد کرنے اور ٹیکس دہندگان سے آمدنی کے ذرائع مکمل طور پر ظاہر کرنے کی حکومتی تدابیر شفافیت اور جوابدہی کے نظام کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔

ایکٹ الائنس نے کہا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (TTS) کے جدید ڈیجیٹل طریقہ کارسے معیشت کے مختلف شعبوں میں پیداوار کی نگرانی اور ٹیکس چوری کو روکنے میں مدد ملے گی۔معاشی انصاف کے فروغ کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا موثر نفاذٹیکس وصولیوں میں اضافے میں معاون ثابت ہوگا۔