ایف پی پی آر اے کا جدید ای گورنمنٹ پرکیورمنٹ نظام ’’ای پیڈز ‘‘کے ذریعے سرکاری خریداریوں میں شفافیت اور مستعدی کےلئے انقلابی ا قدام

150

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):فیڈرل پبلک پرکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ( ایف پی پی آر اے)نے جدیدترین ای گورنمنٹ پرکیورمنٹ نظام ای پیڈز کے نافذ سے ملک بھرمیں سرکاری خریداریوں کے عمل کی بہتری اور شفافیت کے نئے دور میں داخل ہوا ہے ۔پیرکویہاں جاری ایک بیان کے مطابق ای پیڈز جدیدترین الیکٹرانک پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعہ ملک بھرمیں سرکاری خریداریوں کیلئے ایک مربوط قومی نظام قائم کیا جارہاہے، اس پلیٹ فارم کے تحت جدید ترین فیصلہ سازی میں معاونت کے نظام تلے سرکاری خریداریوں کے پورے عمل کومکمل طورپرڈیجیٹائز کیا جائیگا۔

ابتدائی طور پر یکم مارچ 2023 سے دووفاقی وزارتوں وزارت قومی صحت خدمات ،ریگولیشنز وکوارڈی نیشن اوروفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت اورپنجاب میں اس نظام کے پائلٹ پراجیکٹس شروع کئے گئے۔پائلٹ پراجیکٹس کے بعد ایف پی پی آر اے نے اس نظام کے سہل انداز میں نفاذ کویقینی بنانے کیلئے جامع تربیتی پروگرام شروع کیا،اس عمل میں پیپرا نے نمایاں پیش رفت کی ہے اوراب تک 300 کے قریب تربیتی نشستوں تقریباً4000 استعمال کنندگان نے تربیت حاصل کرلی ہے۔

یہ نظام پہلے سے ہی 17وزارتوں اور246 محکموں میں لاگوہوچکا ہے اورایف پی پی آر اے دسمبر2023 تک اس نظام کو تمام وزارتوں پرلاگوکرنے کیلئے تمام ترکوششوں کویقینی بنارہی ہے۔علاوہ ازیں ایف پی پی آر اے تربیتی پروگرام کے دوران یوزر لاگ ان فراہم کرکے رجسٹریشن میں سہولیات اور بعدازاں قائم شدہ ہیلپ ڈیسک اورفون و ای میل سمیت الیکٹرانک زرائع کے استعمال سے بھی استعمال کنندگان کومدد فراہم کررہی ہے۔

فی الوقت فیڈرل پرکیورنگ ایجنسیوں کے 1000 استعمال کنندگان، 564 وینڈرز/سپلائرز اورصوبائی سطح پر345 سپلائرز کی اس نظام کے تحت کامیاب رجسٹریشن ہوچکی ہے جو ای پیڈز نظام کے وسیع تراستعمال کی عکاسی کررہاہے۔ ایف پی پی آر اےمسلسل مفت تربیت، رجسٹریشن اورمعاونت کے ساتھ یہ نظام اپنانے والوں کی سہولت کاری کیلئے تمام کوششیں کررہی ہے۔ای پیڈز وسیع پیمانہ کاقومی سطح کانظام ہے جو پاکستان میں ای گورنسس کیلئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگا۔