فیصل آباد ۔ 07 مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ،اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن اور کچی بستیاں عیسایاں میں 37 جائیدادوں کو سر بمہر کر دیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کے متعلقہ شعبہ کی طرف سے مذکورہ جائیدادوں کے مالکان کو بار بار نوٹسز جاری کئے گئے کہ وہ رہائشی جائیدادوں کو کاروبار میں تبدیل کرنے کے لئے کمرشلائزیشن پالیسی کی پابندی اور باقاعدہ منظوری حاصل کر کے طے شدہ واجبات ادا کریں لیکن تعمیل کی بجائے قانون شکنی جاری رہی جس پر جائیدادوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی سٹیٹ آفیسر فرحان صدیق کی سربراہی میں بلڈنگ و انفورسمنٹ انسپکٹرز اسلم انصاری، رضوان بٹ، محمد شفیق اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی کی ٹیم نے مدینہ ٹاؤن کے مختلف بلاکس میں ایس ایس آر روڈ، ایف ایس آر اور آر ایس آر روڈ پر16 پلاٹس اور ماڈل ٹاؤن کے قریب کچی بستی عیسایاں میں 21 دکانوں کو سر بمہر کر دیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔
ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن سے اجتناب کیا جائے اور رہائشی جائیدادوں کو کاروباری میں تبدیل کرنے کے لئے متعلقہ قوانین اور مجوزہ پالیسی کے تحت باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔