فیصل آباد ۔ 22 جنوری (اے پی پی):ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بھاری مشینری اور پولیس فورس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مزید تین غیر قانونی و نادہندہ ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا اور موقع پر دفاتر کو سربمہر کرکے بعض تعمیراتی و دفتری سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی طرف سے مقرر کردہ اہداف کے تحت ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کے معاملات کو چیک کیا تو نڑ والا روڈ پر گرینڈ سٹی اور رشید ٹاؤن عدن بلاک
جبکہ چک جھمرہ میں الفا ٹاؤن کے ناموں سے بغیر منظوری ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش کی جا رہی تھی جن کے خلاف فوری کارروائی کرکے ان کی چاروں دیواریوں، لائٹنگ پولز اور دیگر تعمیرات کے بعض حصوں کو مسمار کر دیا تاکہ عوام ا ان کی غیر قانونی حیثیت سے باخبر رہیں ۔انفورسمنٹ ٹیم نے ہاؤسنگ سکیموں کے موقع پر موجود دفاتر کو سیل اور دفتری و تعمیراتی سامان قبضہ میں لے لیا۔ ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ منظوری حاصل کئے بغیر ہاؤسنگ سکیموں کے قیام سے اجتناب کریں بصورت دیگر مزید قانون شکنی پر فوجداری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔