واشنگٹن۔3اگست (اے پی پی): یوکرین کی ٹینس کھلاڑی ایلینا سویٹولینا،امریکا کی ٹینس سٹار زکو کو گف اور میڈیسن کیز اپنی عمدہ کارکردگی کی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ گئیں ۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں یوکرین کی ایلینا سویٹولینانے حریف روسی کھلاڑی ڈاریا سرجیوینا کساتکینا کو شکست دی،امریکی کو کو گف نے ہم وطن ہیلی بپٹسٹ کو مات دی جبکہ امریکا کی ہی میڈیسن کیز نے ہم وطن حریف کھلاڑی جینیفر الزبتھ بریڈی کو ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 54واں ایڈیشن امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
جمعرات کو ویمنز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں یوکرین کی ایلینا سویٹولینانے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف روسی کھلاڑی ڈاریا سرجیوینا کساتکینا کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 2-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔امریکی کو کو گف نے ہم وطن ہیلی بپٹسٹ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 4-6 سے فتح سمیٹی جبکہ ایک اور میچ میں امریکا کی ہی میڈیسن کیز نے ہم وطن حریف کھلاڑی جینیفر الزبتھ بریڈی کو سیدھے سیٹس میں 4-6 اور 0-6 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔