ایل ڈبلیو ایم سی نے 2023 میں شہر سے 15 لاکھ 48 ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا، ہیلپ لائن1139 پر رابطہ کرنے والے 59 ہزار شہریوں کے مسائل حل کئے گئے، سی ای او بابر صاحب دین

153

لاہور۔4جنوری (اے پی پی):لاہور ویسٹ مینجمنٹ کارپوریشن (ایل ڈبلیو ایم سی )کے سی ای او بابر صاحب دین نے کہا ہے کہ 2023 جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کا مثالی سال رہا،ادارے میں جدید عملی اصلاحات،ورکرز کی فلاح و بہبود کا سلسلہ جاری ہے، سال کے دوران شہر بھر سے 15 لاکھ 48 ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا گیا ،

ادارے کی ہیلپ لائن1139 پر رابطہ کرنے والے 59 ہزار670 شہریوں کے مسائل حل کئے گئے جبکہ سوشل میڈیا اور وزیر اعلیٰ پورٹل پر موصول ہونے والی5 ہزار 120 سے زائد شکایات فوری حل کی گئیں،غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف اور انسدادِ سموگ ایکٹیویٹی کے تحت ایل ڈبلیو ایم سی انفورنسمنٹ ونگ نے کاروائیاں کرتے ہوئے 9 ہزار 182چالان کئے ،1کروڑ81 لاکھ 52 ہزار کے جرمانے کیے گئے،777 ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئیں،

شہر کی 944 چھوٹی بڑی شاہراہوں پر سکریپنگ،سپرنکلنگ اور اینٹی سموگ ایکٹیویٹی کا سلسلہ بھی سال بھر جاری رہا۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او بابر صاحب دین نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر شہر کی 79 روڈز کو ڈسٹ فری بنانے کے لیے خصوصی واشنگ ایکٹیویٹی بھی کی گئی ، لمز یونیورسٹی کے تعاون سے گاڑیوں کی روٹ آپٹیمائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کا آغاز کیا گیا

،آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال سے ماہانہ تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ لیٹر فیول کی بچت یقینی بنائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کمپوسٹ پلانٹ پر بنائی جانے والی ماحول دوست کھاد بیلیا کی فروخت میں 52 فیصد اضافہ ہوا،ریونیو کولیکشن کےلئے ہدف94 ہزار کمرشل یونٹس سے بڑھا کر 550,000 کمرشل یونٹس مقرر کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کے افسران اور ورکرز سال نو میں بھی صفائی کے مثالی انتظامات کےلئے پر عزم ہیں،

لاہور کے شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر ویسٹ سیگریگیشن کے پراجیکٹ اور روڈا کے ساتھ مل کر محمود بوٹی ڈمپ سائٹ پر سولر پارک اور اربن فارسٹ لگانے جیسے اقدامات آئندہ کے پلان میں شامل ہیں۔ مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ عوامی آگاہی کےلئے پارکس، مارکیٹس اور رہائشی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر ایل ڈبلیو ایم سی کمیونٹی انٹر فیس ڈیپارٹمنٹ نے 4380 سے زائد آگاہی مہم کا انعقاد کیا

،پاک مشن سوسائٹی کے ساتھ مل کر پبلک و پرائیویٹ سکولز میں گرین کلب قائم کئے گئے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ ورکرز کی فلاح و بہبود گزشتہ سال کا اہم ایجنڈا رہا،10 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کی فراہمی یقینی بنائی گئی،

ادارے کی تمام ورکشاپس پر سہولت سینٹرز کا آغازکیا گیا اور ان ہاس ڈاکٹرز سے فری چیک اپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی،ورکرز کے بچوں کےلئے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ مل کر فری ٹیکنیکل سکل ڈویلپمنٹ کورسز کا آغاز کیا گیا اورانٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن جیسے اداروں کے ساتھ مل کر ورکرز و افسران کےلئے بڑے پیمانے پر ٹریننگ اور کپیسٹی بلڈنگ کا اہتمام بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار حج قرعہ اندازی سے2 ورکرز اور ایک آفیسر سال نو میں حج کا فریضہ سر انجام دیں گے۔