ضلعی انتظامیہ پشاور کی گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاون ، 109دکاندار گرفتار

کراچی پولیس کی کارروائی، سمگلر گرفتار، 30لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد

پشاور۔ 04 جنوری (اے پی پی):صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے109دکانداروں کوگرفتارکرلیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر پشاورکے دفتر سے جاری پریس ریلز کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر کی ہدایت پر شہر میں ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین روز کے دوران گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی،کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پر109 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔

اس حوالے سے انتظامی افسران نے جی ٹی روڈ، دلہ زاک روڈ، چارسدہ روڈ،نشترآباد،حیات آباد، متنی، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ، بورڈ بازار، تہکال، اندرون شہر بازاروں،ورسک روڈ، گلبہاراور دیگر علاقوں میں بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے 267دکانوں کا معائنہ کیا اورگرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پر109 دکانداروں کو گرفتار کر لیاجبکہ 56 دکانداروں کو مزید بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی۔

ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق شہر میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاورآفاق وزیرنے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔