ایل ڈی اے ٹیموں کی کارروائیاں ، 140املاک سربمہرکر دیں

ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، غیرقانونی اور فیس نادہندہ 140 املاک سربمہر

لاہور۔24جون (اے پی پی):لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) ٹیموں نے گزشتہ روزمختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں آپریشن کرکے140املاک سربمہرکر دیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹاون پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اورکمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے۔

ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، ماڈل ٹاون ایکسٹینشن،،جوبلی ٹاون،کینال روڈ،سمن آباد، گلشن راوی، مصطفی ٹاون اور اعظم گارڈن میں آپریشن کیا۔ ٹیموں نے غیرقانونی کمرشل استعمال پرگلبرگ اور ماڈل ٹاون ایکسٹینشن میں 28املاک،جوبلی ٹاون میں 19املاک سربمہرکر دیں۔غیرقانونی کمرشل استعمال، کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پرکینال روڈ، سمن آباد اور گلشن راوی میں 70املاک سیل کیں۔ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران اعظم گارڈن اور مصطفی ٹاون میں 23املاک سربمہر کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، بینک، کالج، گراسری سٹور،کیفے، ریستوران،فوڈ پوائنٹ،اسٹیٹ آفس، بیکری، فارمیسی،بیوٹی سیلون، کلینک،آٹو ورکشاپ، دکانیں، دفاتر ودیگر شامل ہیں۔ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر غیرقانونی کمرشل عمارتوں،کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔