مسقط۔23اکتوبر (اے پی پی):اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے میچ میں بھارت کی اے ٹیم نے اومان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، بھارت نے اومان کا 141 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں باآسانی حاصل کرکے ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی، ایوش بدونی کو بہترین پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بدھ کے روز الامارات کرکٹ گرائونڈ اومان میں کھیلے گئے ایمرجنگ ایشیا کپ گروپ بی کے میچ میں اومان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، محمد ندیم نے 41، حماد مرزا نے 28 اور وسیم علی نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارتی بائولرز عاقب خان، راسخ سلام، نشانت سندھو، رامندیپ سنگھ اور سائی کیشور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت اے نے اومان کا 141 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، ایوش بدونی نے 27 بالوں پر 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چھ چوکے شامل ہیں، ابھشیک شرما 34 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان تلک ورما 36 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ اومان کی طرف سے جے اودیدرا، کرن، سفیان اور عامر کلیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔