ایم ایل ون 8.2ارب ڈالر مالیت کا بڑا پراجیکٹ ہے،نالہ لئی ایکسپریس وے بہت جلد بنے گی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی گفتگو

106

راولپنڈی ۔ 15 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ن لیگ اللہ کی طرف سے پکڑ میں ہے ،ان کو اس حال میں مریم نے پہنچایا ،سب کا احتساب ہو گا ،نالہ لئی ایکسپریس وے بہت جلد بنے گی جس سے راولپنڈی کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پیر کو نالہ لئی پر لئی ایکسپریس وے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسداد منشیات شیخ راشد شفیق ،ایم ڈی واسا محمد تنویر ،ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا ،اے سی سٹی نعیم افضل سمیت دیگر انتظامی عہدیداران بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ راولپنڈی اور لاہور کے مابین فاصلہ کم کرنے کے لیے کالووال سے جہلم تک ریلوے ٹریک کے 56کلومیٹر کے غیر ضروری موڑ ختم کیے جائیں گے ۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ قبل ازیں لئی ایکسپریس وے عمار چوک چکلالہ تک تعمیر کی تجویز تھی تاھم زیادہ سے زیادہ شہری آبادی کو مستفید کرنے کے لیے اب اسے سواں پل تک 23کلومیٹر توسیع کر دی گئی ہے ۔