سرگودھا۔5ستمبر (اے پی پی):سرگودھا میں میونسپل کارپوریشن، پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی(پی ایچ اے) اور جنرل بس سٹینڈ سرگودھا کے باہمی تعاون سے یونین کونسلز 13 اور 14 میں 300 سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودھا محمد طاہر نے شجر کاری مہم کے حوالے سے کیا۔
اُنہوں نے کہاکہ میں ذاتی طور پراس تمام مہم کی نگرانی کررہاہوں ،شجرکاری مہم میں سرگودھا کے مختلف محکمے جن میں میونسپل کارپوریشن، پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی (پی ایچ اے) جنرل بس سٹینڈاور کرائے کی بنیاد پر کچھ پرائیویٹ لیبر کے 100 سے زائد اہکار مصروف ہے، اس کے علاوہ مخیر حضرات کے تعاون سے پودے خریدے گئے ہیں۔اسی طرح سکولوں، مساجد، گرجا گھروں، ہسپتالوں، پارکوں، گلیوں، بازاروں، بڑے پلازوں، ورکشاپوں، اہم شاہرات، سرکاری محکموں اور کھلے میدانوں میں مختلف سایہ دار پودے لگائے گئے ہیں۔
سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد طاہر نے کہاکہ ہم نے پوری کوشش کی کہ کوئی بھی علاقہ بغیر پودے لگائے نہ چھوڑا جائے، ہر قسم کی کمیونٹی مصروف عمل ہے اور شجرکاری سے دو دن قبل آگاہی مہم بھی چلائی گئی تھی جس میں شہر بھر سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تمام پودوں کو نقشوں پر جیو ٹیگ کیا گیا ہے اور ہر پلانٹ کا ریکارڈ برقرار رکھا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اب لوگ پودوں کی دیکھ بھال کے بارے میں حساس ہیں۔ محمد طاہرنے کہاکہ 13 اور 14 یونین کونسلز میں 1000 سے زیادہ پودے لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور انشاء اللہ کوئی بھی علاقہ بغیر پودے لگائے نہیں چھوڑا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386879