منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا ملتان شہر میں میگا سیوریج منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رکھے ہوئے ہے،ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا
ایم ڈی واسا ملتان کےتعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
ملتان۔ 03 جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا ملتان شہر میں میگا سیوریج منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رکھے ہوئے ہے،ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر اولیا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف مقامات پر کام کی رفتار، معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا نے نشتر روڈ، ڈیرہ اڈا تا پل شوالہ اور ابدالی مسجد روڈ پر جاری سیوریج منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی واسا کو بتایا کہ نشتر ہسپتال کوریڈور میں 24 انچ قطر کی 3,100 فٹ طویل سیوریج لائن ایک ماہ قبل مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ سڑک کی تعمیر کے لیے سائٹ تین ہفتے قبل ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دی گئی تھی،اس وقت ہائی وے ڈیپارٹمنٹ سڑک کی تعمیر سے قبل سینڈ فلنگ اور فلڈنگ کا کام انجام دے رہا ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈیرہ اڈا سے پل شوالہ تک 4,100 فٹ میں سے 3,800 فٹ سیوریج لائن بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ابدالی مسجد روڈ پر 24 انچ قطر کی 1,800 فٹ سیوریج لائن کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، طارق روڈ پر مزید 1,900 فٹ طویل 24 انچ قطر کی نئی سیوریج لائن بچھانے کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے نشتر روڈ منصو بے کا باقی ماندہ کام آئندہ 10 روز میں مکمل کرنے،طارق روڈ کا منصوبہ ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے اور شہر بھر میں دیگر تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل شوکت نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور برو قت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میگا سیوریج منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو نکاسی آب کی جدید، مؤثر اور پائیدار سہولیات میسر آئیں گی، واسا ملتان شہر کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے مستقل نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔








