ایم ڈی ہارٹی کلچر اتھارٹی ملتان کا بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا معائنہ

منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر اتھارٹی (ایچ اے) ملتان سید وسیم حسن نے شہر میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے مختلف مقامات پر کام کا جائزہ لیا

ملتان ۔ 11 جون (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر اتھارٹی (ایچ اے) ملتان سید وسیم حسن نے شہر میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے مختلف مقامات پر کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے چوک رشید آباد فلائی اوور پر جاری پینٹ ورک، زیب النساء پارک میں بہتری کے اقدامات اور خونی برج کی فصیل پر نصب کی جانے والی آرائشی لائٹس کا معائنہ کیا۔ایم ڈی ہارٹی کلچر اتھارٹی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مختلف منصوبوں پر جاری کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر سید وسیم حسن نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹی کلچر اتھارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہر کو مزید گرین، صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی اور سرسبز ماحول مہیا کرنا ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرین بیلٹس، پارکس اور دیگر عوامی مقامات کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے جس کے مثبت اثرات شہری زندگی پر مرتب ہوں گے۔ سید وسیم حسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملتان کو ایک خوبصورت، سرسبز اور مثالی شہر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید خبریں