اینٹی سموگ مہم جاری رہے گی، پولیس خدمات اورعوام کا تعاون بہتر ماحول کی ضمانت ہے، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب

77
Maryam Aurangzeb

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کی صورت حال میں بہتری کے باوجود اینٹی سموگ مہم بھر پور طریقے سے جاری رہے گی ۔بدھ کے روز اپنے بیان میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ادارہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے (ای پی اے) پنجاب حکومت کے تمام اداروں اور پولیس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،عوام کا تعاون ماحول کی بہتری اور سموگ سے نجات کی ضمانت ہے ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سکول کھلنے کے باوجود احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے ،ہر شہری اپنی ذمہ داری پوری کرے، موٹر سائیکل، گاڑی، بس اور ٹرک مالکان سموگ کے خاتمے میں مدد کریں ۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعت کار اور کارخانے دار سموگ سے نجات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کا عوام کی رہنمائی اور شعور بیدار کرنے میں نہایت اہم کردار ہے ،ایک قوم بن کر ہم سموگ سے نجات پائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 15 مزید بھٹے (جن میں ملتان میں 9، رحیم یار خان میں پانچ اور جھنگ میں ایک ) گرا دیے گئے ہیں ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آ لودگی پھیلانے پر گوجرانوالہ، رحیم یار خان اور شیخو پورہ میں تین صنعتی یونٹ سیل کر کے ایف آئی آرز بھی درج کرادی گئی ہیں ۔

ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر لاہور میں 12 جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں 10 پوائنٹس سیل کردئیے گئے،اسی طرح خراب انجن اور زائد دھواں پھیلانے والی گاڑیوں،ٹرکوں اور بسوں کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے ۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ کی شدت میں کمی واقع ہوئی لیکن سموگ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوی،اس لیے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کیے رکھیں۔

مریم اورنگزیب نے سکولز انتطامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور طلبا وطالبات ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، والدین اور طلبہ کارپولنگ کا طریقہ اپنائیں اور سڑکوں پر کم سے کم گاڑیوں کا لوڈ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے پیش نظر سکول کھولے گئے ہیں،اگر سموگ کی صورت حال بے قابو ہوئی تو مزید فیصلے کیے جاسکتے ہیں ۔سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز سموگ رولز کی خلاف ورزی پر 16اینٹوں کے بھٹے ،3 صنعتی یونٹس مسمار اور 22 یونٹس سیل کیے گیے،لاہور میں کمرشل جنریٹرز کی انسپیکشن اورسڑکوں پر پانی کا چھڑکائو بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیو جیٹوڈسٹ سے بچنے کے لیے ریت اور میٹریل کی نقل و حمل والی گاڑیوں کی رات بھر مانیٹرنگ کی جارہی ہے، بابو صابو،سگیاں ،ٹھوکر اور دیگر داخلی راستوں پرمکمل طورپر ہیوی ٹرانسپورٹ کا داخلہ ممنوع ہے،ہر قسم کے دھوئیں کی شکایات 1373پررپورٹ کریں، اس حوالے سے ای پی اے کے سکواڈز 24گھنٹے مصروف عمل ہیں ۔