راولپنڈی۔19جون (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے6 ملزمان گرفتارکر لیے۔
اے این ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف نے تازہ آ پریشنز کے دوران فیض آباد اسلام آباد میں ملزم سے 140 نشہ آور گولیاں برآمد کرکےمردان کا رہائشی مُلزم گرفتارکر لیا۔ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کے قریب ایک گاڑی سے 14کلو 400 گرام افیون اور 15کلو 600 گرام چرس برآمد کی گئی،برآمدہ منشیات گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔اس موقع پرگوجرانوالہ کا رہائشی مُلزم گرفتارکیا گیا۔
ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران ملزم سے 1 کلو 821گرام چرس برآمدکی گئی،برآمدہ منشیات ملزم نے بیگ میں چھپائی ہوئی تھی ۔ بنوں کا رہائشی یہ مُلزم ابوظہبی کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔دریں اثنا جیوانی سے کراچی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر بس سے کراچی اور گوادر کے رہائشی ملزمان سے 4کلو 75 گرام ویڈ برآمدکی گئی ۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ایک کارروائی میں کراچی کے رہائشی ملزم کی جانب سے سری لنکا بھیجے جانے والے پارسل سے 1کلو 50 گرام آئس برآمدکی گئی، برآمدہ منشیات ہاکی کی 10گیندوں میں چھپائی گئی تھی۔
ایک الگ کارروائی میں باڑہ خیبر کے غیر آباد علاقے سے پلاسٹک کے تھیلوں میں چھپائی گئی 3 کلو 250 گرام آئس برآمدکی گئی ۔اس کے علاوہ باچہ خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافر نے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولز کی موجودگی کا اعتراف کیا جس پرمُلزم کے پیٹ سے 3 عدد چرس بھرے کیپسولز برآمدکیے گئے،ملزم برآمدہ چرس شارجہ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔اس موقع پر بنوں کا رہائشی مُلزم گرفتارکر لیا گیا ۔
اے این ایف ترجمان نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔