
کراچی۔ 03 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے اگنائٹ ٹیکنالوجی فنڈ کے تحت چلنے والے نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی سے منسلک اسٹارٹ اپس نے ملک بھر میں ملازمت کے 98ہزار سے زائد مو اقع فراہم کئے ہیں جبکہ گذشتہ 5سالوں میں 299ماڈرن کاروباروں کو کامیاب بنانے کے لئے موثر رہنمائی و فنڈنگ فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں قائم نیشنل انکوبیشن سینٹر کرا چی کی اسٹارٹ اپس کی گریجوایشن تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔ تقریب میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی ، ممبر آئی ٹی سید جنید امام ، چیف ایگزیکٹو اگنائٹ عاصم شہریارحسین، چیف ایگزیکٹو پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ علی رضا، پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی فیضان لغاری سمیت اسٹارٹ اپس کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے این آئی سی انتظامیہ اور اسٹارٹ اپس کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی، وفاقی حکومت کے تعاون سے کام کرنے والا ایک منفرد بزنس انکیوبیٹر ہے، جس نے چند سالوں میں نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں اسٹارٹ اپ ایکوسسٹم کو مضبوط و متحرک کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ گذشتہ 5 سالوں میں این آئی سی کراچی نے 299 ماڈرن کاروباروں کو فعال و کامیاب بنانے کے لیئے مثر رہنمائی و فنڈنگ فراہم کی،58 فیصد کاروبار کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں، جو ایک بہترین تناسب ہے۔
این آئی سی کراچی سے منسلک اسٹارٹ اپس نے ملک بھر میں 98 ہزار سے زائد ملازمت کے مواقع فراہم کئے اور تقریبا ساڑھے پانچ ارب روپے آمدن کی صورت میں کمائے جبکہ سات ارب 92 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری بھی حاصل کی ہے۔ سید امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ میرا ملک میرا شہر، ترقی کرے گا اس کے لوگ اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کے بل بوتے پر کامیاب ہوں گے، تو میرے لئے ، میری وزارت آئی ٹی کیلئے اور میری جماعت ایم کیو ایم پاکستان کیلئے اس سے بڑھ کر خوشی کی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔
ہمارے نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں، قابلیت کی کمی نہیں، بس درست رہنمائی اور کچھ فنڈنگ کی ضرورت ہے، ہم نے یہی کام کیا نتیجے میں اسی طرح کامیاب نوجوانوں کی بزم سجائی جارہی اور اور سجائی جاتی رہے گی۔تقریب سے خطاب میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی نے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انھیں دور وزارت میں ہمیشہ مستقبل کی فکر کرتے دیکھا ان کے منصوبوں اور عملی اقدامات نے پاکستان میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو جتنی ترقی ملی اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
تقریب سے خطاب میں چیف ایگزیکٹیو اگنائٹ عاصم شہریار حسین نے کہا کہ ملک میں اب 8 انکوبیشن سینٹرز قائم ہوچکے ہیں، جہاں سے اسٹارٹ اپس نہ صرف ملک میں سرمایہ کاری لانے کاسبب بن رہے ہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں نوکریوں کے مواقع بھی پیدا کئے جارہے ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی فیضان لغاری نے ادارے کی کارکردگی، اسٹارٹ اپس ایکو سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاںکامیاب اسٹارٹ اپس میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔