این ایل سی سی کا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹڈی دل کے تدارک کے حوالے سے ایک لاکھ 77 ہزار 105 ہیکٹر رقبے کا سروے

62

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹڈی دل کے تدارک کے حوالے سے ایک لاکھ 77 ہزار 105 ہیکٹر رقبے کا سروے کیا ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹڈی دل کے حوالے سے ایک لاکھ 77 ہزار 105 ہیکٹر رقبے کے سروے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے بعض اضلاع میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے آپریشن بھی کیا گیا ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ نے کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کے صوبوں میں ٹڈی دل نہیں پایا گیا تاہم بلوچستان کے ایک ضلع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لسبیلہ میں 310 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے آپریشن کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ٹڈی دل کے تدارک کے لئے ملک بھر میں 11 لاکھ 25 ہزار 197 ہیکٹر رقبہ پر آپریشن کیا گیا ہے۔