اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کو تاشقند،ازبکستان میں سال کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی کمپنی کے ایوارڈ سے نوازا گیا، یہ ایوارڈ علاقائی روابط کو فروغ دینے اور نئی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ این ایل سی نے مئی 2023 میں ازبکستان کیلئے درآمدی و برآمدی سامان کی …
این ایل سی کےلئے سال کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی کمپنی کا ایوارڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کو تاشقند،ازبکستان میں سال کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی کمپنی کے ایوارڈ سے نوازا گیا، یہ ایوارڈ علاقائی روابط کو فروغ دینے اور نئی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ این ایل سی نے مئی 2023 میں ازبکستان کیلئے درآمدی و برآمدی سامان کی ترسیل کا آغاز کیا۔
اس سلسلے میں اب تک ایک ہزار سے زائد آپریشنز مکمل کیے جا چکے ہیں۔ این ایل سی نے ازبکستان تک 20 ہزار میٹرک ٹن ادویات، ٹیکسٹائل مصنوعات، چائے اور دیگر تجارتی سامان کی ترسیل کی ہے۔ مزید برآں، تقریباً 6000 میٹرک ٹن پھل، سبزیاں اور گوشت کی ترسیل کو بھی این ایل سی نے ممکن بنایا ہے۔ازبکستان اور خطے کے دوسرے ممالک تک سامان کی مربوط نقل وحمل کے لیے ازبکستان کے شہر ترمیز میں لاجسٹکس مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ این ایل سی کو’’بزنس مواقع اور بین الاقوامی کامیابی ایوارڈ 2025‘‘ کے موضوع پر منعقدہونے والی کانفرنس کے دوران پیش کیا گیا، جو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ازبکستان کے سینئر سرکاری حکام، چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان اور پاکستان کے سفارتی مشن کے اراکین نے شرکت کی۔








