لاہور۔12ستمبر (اے پی پی):این اے 171 رحیم یار خان میں پولنگ کے عمل کا آغاز ہو گیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق این اے 171 رحیم یار خان کے 301پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہونے کی رپورٹس موصول ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن انتخاب کے انعقاد کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔
حلقے کے ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ سٹیشنز پہنچیں، شکایات کی صورت میں صوبائی الیکشن کنٹرول روم کے نمبر042-99212620 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ، سکیورٹی کے لیے 2700 پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین اور پی ٹی آئی کے حسان مصطفیٰ کے درمیاں سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ 4 دیگر آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 26 ہزار 973 ہے، 301 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے ممتاز مصطفیٰ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔