این سی او سی کاکوویڈ ۔19 ویکسین کی حکمت عملی جلد فراہمی کے لئے کوششوں کا جائزہ

53
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کا اجلاس، ملک میں بیماری کی موجودہ صورتحال اور متعلقہ این پی آئیز کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے قومی ویکسین حکمت عملی اور ویکسین کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔ منگل کو این سی او سی کے اجلاس میں وبائی مرض کے اعداد و شمار ، قومی ویکسین حکمت عملی اور ویکسین انتظامیہ سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ فورم کو کوویڈ ویکسین کی بروقت دستیابی کے لئے بین الاقوامی ویکسین سازوں کے ساتھ بات چیت کے بارے میں بتایا گیا۔ فورم کو ویکسین انتظامیہ اور عملے کی تربیت کے بارے میں بھی بتایا گیا جبکہ ای پی آئی پروگرام کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ پروگرام میں بنیادی سطح تک رسائی کے لئی سٹرکٹ اور تحصیل سطح پر فوکل پوائنٹ متعین کریں۔ فورم نے نوٹ کیا کہ پروگرام کے مثبت اور موثر نتائج کے لئے عملے کی تربیت کو آگے بڑھانا چاہئے۔ ماہرین صحت نے کووڈ۔19 مثبت اور مہلک وائرس کی وجہ سے اموات کے بڑھتے ہوئے تناسب پر روشنی ڈالی۔ فورم نے طے کیا کہ وبائی بیماری پھیلنے کے خطرے کو کم کرنے کے لئے غیر دوا سازی مداخلت (طبی علاج کے علاوہ وائرس کے علاج کے متبادل اقدامات)یا این پی آئی کے نفاذ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جانا چاہئے۔