این سی او سی کا خصوصی اجلاس، کورونا وائرس کی وبا سے متعلق گراف، اعداد و شمار ، ویکیسنیشن کی قومی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ، پہلے مرحلہ میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسنیشن ہو گی

59
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کا اجلاس، ملک میں بیماری کی موجودہ صورتحال اور متعلقہ این پی آئیز کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او نے قومی ویکسین حکمت عملی پر عملدرآمد کے بارے میں ایک خصوصی اجلاس منعقدکیا ۔این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا سے متعلق گراف، اعداد و شمار اور قومی ویکسین حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان ، اقتصادی امور ڈویڑن کی وفاقی وزیر خسرو بختیار ، غربت کے خاتمے کے بارے میں ایس اے پی ایم ڈاکٹر ثانیہ نشتر ، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی ، سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) میجر جنرل نعمان ذکریا نے این سی او سی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔قومی کوآرڈینیٹر این سی او سی جنرل حمود الزمان نے این سی او سی کے فیصلے کے مطابق قومی ویکسین کی حکمت عملی کے بارے میں فورم کو اپ ڈیٹ کیا۔ڈی جی این سی او سی میجر جنرل آصف گوریا نے فورم کو تفصیل سے بتایا کہ ویکسین کی فراہمی کے لئے فیڈریٹنگ یونٹوں کی سہولت کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔فورم کو بتایا گیا کہ حکمت عملی کے تحت پہلے مرحلہ میں محکمہ صحت کے فرنٹ لائن ارکان اور 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو کووڈ ۔19ویکسین فراہم کی جائے گی۔اگلے مرحلہ میں محکمہ صحت کے باقی تمام ارکان اور ان افراد کی ویکسینیشن کی جائے گی جن کی عمر 60 سے 64 سال کے درمیان ہے۔فورم کو بتایا گیا کہ سال کی پہلی سہ ماہی تک محکمہ صحت کے تمام فرنٹ لائن ارکان کی ویکسینیشن کر دی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی او سی کے ذریعہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے اشتراک سے ایک خصوصی آن لائن نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) تیار کیا گیا ہے جو پورے ویکسینیشن کے عمل کے مرکز کا کردار ادا کرے گا ۔فورم کو بتایا گیا کہ ویکسین ایڈمنسٹریشن سیل تمام ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور ریجنل ہیلتھ سینٹرز میں قائم کیے جائیں گے تاکہ ویکسینیشن کے عمل کو نچلی سطح تک پہنچایا جاسکے۔اس میں مزید کہا گیا کہ ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائے گی جو ٹیکے لگانے کے عمل کے لئے صحت سے متعلق کارکنوں کی تربیت کا آغاز کریں گے۔ تربیتی عمل وفاقی دارالحکومت اور صوبائی سطح پر شروع ہوگا اور ماسٹر ٹرینرز ویکیسنیشن کے لئے محکمہ صحت کے کارکنوں کو مزید تربیت دیں گے