این سی اے سپن ڈویلپمنٹ کیمپ میں خامیوں پر کام کرنے کا موقع ملا،کرکٹرز

این سی اے سپن ڈویلپمنٹ کیمپ میں خامیوں پر کام کرنے کا موقع ملا،کرکٹرز

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):قومی کرکٹرز محمد نواز اور ابرار احمد نے کہا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کے دوران بنیادی خامیوں پر کام کرنے کے لیے زیادہ وقت نہیں ملتا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سپن ڈویلپمنٹ کیمپ میں انہیں اپنی خامیوں پر کام کرنے کا موقع ملا ہے۔محمد نواز نے سلمان بٹ کے ساتھ سٹریٹ ڈرائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں خاص طور پر اپنی آرم بال پر کام کرنا چاہتا ہوں، انٹرنیشنل کرکٹ میں حکمت عملی سب سے اہم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مسلسل محنت کر رہا ہوں، آنے والی ڈومیسٹک کرکٹ مکمل توجہ کے ساتھ کھیلوں گا۔ ورلڈ کپ میں ابھی ایک سال باقی ہے، فی الحال میری تمام توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر ہے۔ابرار احمد نے کہا کہ دی ہنڈرڈ کھیلنے کا پہلا تجربہ تھا، بہت لطف آیا اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا، دی ہنڈرڈ میرے لیے مختلف طرز کی کرکٹ اور نیا تجربہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت فلیپر طرز کی نئی گیند پر کام کر رہا ہوں، بولر کے لیے ضروری ہے کہ وہ مسلسل اپنے کھیل کو بہتر بناتا رہے۔ کوچز کے ساتھ کوشش کر رہا ہوں کہ ہر گیند مطلوبہ جگہ پر گرے۔ابرار احمد کا کہنا تھا کہ لیگ سپن، گوگلی یا فلیپر، ہر گیند پر مکمل کنٹرول چاہتا ہوں۔