اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے کھیلوں کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے پانچ کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ گیمز 2022 ء میں شرکت کےلئے منتخب کیا ہے۔
اولمپیئن اور قومی چیمپئن ماحور شہزاد (بیڈمنٹن)،سائوتھ ایشین ، نیشنل چیمپئن حیدر علی، حنظلہ دستگیر بٹ (ویٹ لفٹنگ)، قیصر خان (جوڈو) اور عبدالحنان شاہد (ہاکی) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ کھلاڑیوں نے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان کے ساتھ ایک ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے کھیلوں کے شعبوں میں تمغے حاصل کرنے کےلئے بھرپور کوشش کریں گے۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے امید ظاہر کی کہ تمام کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پاکستان کے ساتھ ساتھ این ٹی ڈی سی کےلئے بھی اعزاز حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کےلئے پرفارمنس ایوارڈز اور دیگر مراعات کا اعلان بھی کرے گی۔