این ڈی ایم اے نے اقوام متحدہ کے تعاون سے معذور اور خطرے سے دوچار افراد کے لیے جدید ای لرننگ ٹول کٹ کا اجراء کر دیا

NDMA launches innovative e-learning
NDMA launches innovative e-learning

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل اور سپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام کے تعاون سے معذور اور خطرے سے دوچار افراد کے لیے جدید ای لرننگ ٹول کٹ کا اجراء کر دیا۔

اس حوالے سے لانچنگ تقریب این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ( این ای او سی) میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور پاکستان میں سپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام کے چیف ایگزیکٹومحمد عاطف شیخ اور اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل کے کنٹری ہیڈ آئیکو آکیاما نے شرکت کی۔ ای لرننگ ٹول کٹ کا مقصد ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ کے ماہرین کوراہنمائی اور ضروری تربیت فراہم کرتے ہوئے مزید فعال کردار کے لیے تیار کرنا ہے

تاکہ آفات کے تمام مراحل اور مختلف آفات کے دوران معذور اور خطرے سے دوچار افرادکی ضروریات اور مسائل کو موثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ ٹول کٹ کا اجراء این ڈی ایم اے کے آفات سے نمٹنے اور معاشرے کے تمام افراد کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ کاوش اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی طرف بھی ایک اہم قدم ہے خاص طور پرہدف 11جس کے مطابق محفوظ شہر اور کمیونٹی کے قیام کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ اس ٹول کٹ کی رسائی این ای او سی کے آفیشل پلیٹ فارم کے ذریعے تمام ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروفیشنلزکے لیے میسر ہوگی۔ موجودہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک میں اس ٹول کی شمولیت کے لیے تربیتی سیشنز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔