این ڈی ایم اے کا اقوام متحدہ اور ویلٹ ہنگر ہلف کے تعاون سے قومی سمولیشن ایکسرسائز کا انعقاد، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے دہانے پر ہے، وفاقی وزیر شیری رحمان

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں اقوام متحدہ اور ویلٹ ہنگر ہلف کے تعاون سے 28 تا 29 جون 2022 اسلام آباد میں کثیر الخطرات پر مبنی قومی سمولیشن ایکسرسائز کا انعقاد کیا۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے مشق کے اختتامی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر اختتامی کلمات ادا کئے۔ مشق میں این ڈی ایم اے ،این ایچ اے، محکمہ موسمیات، سپارکو ، مسلح افواج، پی ڈی ایم ایز، آئی سی ٹی، جی بی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے اور ایمرجنسی رسپانس کے محکموں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے اداروں کے متعلقہ حکام نے حصہ لیا۔

سمولیشن ایکسر سائز کے دوران، شرکاء کو فرضی درمیانے درجے کے زلزلہ اور سیلاب کی فرضی صورتحال بطور مشق دیا گیا۔ بعدازاں، شرکاء کی جانب سے ہنگامی حالات کے فوری جائزے، ہنگامی رسپانس پلانز اور امدادی کارروائیوں پر مبنی بریفنگ لی گئی۔

وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے ایسی مشق کا انعقاد کروانے پر پاکستان میں اقوام متحدہ اور این ڈی ایم اے کے مشترکہ اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے دہانے پر ہے، اس لیے موجودہ موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے منظم اور فعال ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کی تیاری انتہائی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ بنیادی سطح پر بحرانوں/قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مقامی کمیونٹیز کی آگاہی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں اور ایسی مشقوں کا انعقاد صوبائی سطح پر کیا جائے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اپنے اختتامی کلمات میں سمولیشن ایکسرسائز میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام اور محکموں کی شرکت اور کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے مشق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سمولیشن ایکسرسائز سے بہت کچھ سیکھنے کے علاوہ باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا موقع ملا ہے اور اس قسم کی مشقیں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور انکے اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام شرکاء کو این ڈی ایم اے کی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے سمولیشن ایکسرسائز کے شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔