این ڈی ایم اے کی جانب سکولوں کے تحفظ کے حوالے سے قومی مشاورتی اجلاس کا انعقاد

53

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے جینڈر اینڈ چائلڈ سیل نے اسلام آباد میں پاکستان سکول سیفٹی فریم ورک (پی ایس ایس ایف ) کے حوالے سے ایک مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس کا مقصد ملک بھر میں سکول کے بچوں کا آفات سے تحفظ یقینی بنانے کے لئے سکول سیفٹی فریم ورک کے تناظر میں تمام معاون اور ذیلی اداروں کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرتے ہوئے محفوظ ماحول کو فروغ دینا،

سکولوں میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے تیاری کو فروغ دینا، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنا، متعلقہ شعبوں کو آفات کے خطرات میں تدارک کے طریقوں سے آگاہ کرنا اوراس تمام عمل میں بچوں کی شرکت کو یقینی بنانا تھا۔پاکستان سکول سیفٹی فرہم ورک کو 2018 میں حکومت اورفلاحی اداروں کے ساتھ قومی سطح کی مشاورتی اجلاس کی ایک سیریز کے بعد تیار اور منظور کیا گیا تھا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اجلاس کی صدارت کی اور اپنے خیالات کر اظہار کرتے ہوئے آفات کے مؤثر ردعمل کے لئے گھروں، سکولوں، عبادت گاہوں حتیٰ کہ دور دراز گاؤں میں آفات سے نمٹنے کے شعبہ میں تربیت اور آگاہی کی ضرورت پر زور دیاتا کہ آفات سے نمٹنے کے شعبہ کے ماہرین اور رضا کاروں کے ساتھ عوامی مدد بھی شامل ہو سکے۔

عالمی تجربات اور مشاہدے سے یہ ثابت ہوا ہے کہ بچوں کو ابتدائی مراحل میں دیگر تعلیم و تربیت کے علاوہ آفات سے نمٹنے کے بارے میں آگاہی اور تیاری انہیں با اختیاراور فعال شہری بنانے میں مدد کرتا ہے تا کہ وہ معاشرے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں،

اس لئے سکول میں آفات سے نمٹنے کے لئے تربیت کو اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں آگاہی اور تیاری کو فروغ دینے کے لئے این ڈی ایم اے خاص طور پر طلباء اور فیکلٹی کے لئے مخصوص فرضی مشقیں منعقد کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔شرکاء کی جانب سے بچوں کی آگاہی اور تیاری کے لئے سکول سیفٹی فریم ورک کی شقوں پر تبادلہ خیال کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے پراین ڈی ایم اے کے اقدام کو سراہاگیا۔