این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کا 13 تا 15 اگست بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ بارے الرٹ جاری

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)نے پیشگی الرٹ میں کہا ہے کہ 13 تا 15 اگست دریاؤں کے بالائی ملحقہ علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان اور بعض مقامات …

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)نے پیشگی الرٹ میں کہا ہے کہ 13 تا 15 اگست دریاؤں کے بالائی ملحقہ علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں مقامی وبرساتی اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

خیبر پختونخوا میں چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، اپر و لوئر دیر، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، باجوڑ، بونیر، کرم، اورکزئی، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں سیلابی صورتحال متوقع ہے ، آزاد کشمیر میں حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ گلگت بلتستان میں خرمنگ، گھانچے، گلگت، نگر، دیامر، ہنزہ، غذر، گوپس یاسین اور استور میں بھی اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ مزید برآں پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی 13 تا 15 اگست بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔بلوچستان میں موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی جبکہ پنجاب میں مری، ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔

دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر جبکہ دریائے راوی میں بلوکی اور دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کے مقامات پر کم درجے کا بہاؤ متوقع ہے۔ پیشگی الرٹ کے مطابق 13 تا 15 اگست پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ، اسی طرح سیالکوٹ، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، بھکر، راولپنڈی، اسلام آباد، قصور، اوکاڑہ، مردان اور صوابی کے شہروں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے ۔این ای او سی نے 14 تا 15 اگست کے دوران گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بھی جاری الرٹ میں ہنزہ، نگر، گلگت اسکردو روڈاور شگر کے علاقے لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسگر، سوست، پسو، حسین آباد، گلمت، غلکن، ششکٹ، شمشال، حسن آباد، مناپن، ہوپر، ہسپر، نلتر، بگروٹ، ہراموش، ارندو، باشا، سکولی، ہُوشے اور مچولو کے علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے اور گلگت، ہنزہ، سوست و گلگت اور سکردو کوریڈورز پر ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔این ای او سی نے مسافروں اور مقامی آبادی کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار پہاڑی سڑکوں پر غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے حساس پہاڑی علاقوں کی مسلسل نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں تیار رکھیں۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیلابی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور تیز آبی بہاؤ کو عبور کرنے سے گریز کریں اور جاری کردہ ٹریفک ہدایات پر عمل کریں،سیلابی خطرے سے دوچار آبادیوں کے رہائشی، سیاح اور مسافر ندی نالوں اوردریا کے کناروں سے دور رہیں۔

این ڈی ایم اے متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے مسلسل اور بروقت معلومات اور الرٹس کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے،شہری این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے بھی بروقت معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔