کینیڈین حکا م نے قومی ٹیم اور آفیشلزکے جنوری یا فروری کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرنے کی اصولی منظوری دے دی،پی ایچ ایف

کینیڈین حکا م نے قومی ٹیم اور آفیشلزکے جنوری یا فروری کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرنے کی اصولی منظوری دے دی،پی ایچ ایف

لاہور۔13اگست (اے پی پی):پی ایچ ایف کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ میڈیا ریلیز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی اور کینیڈین ہاکی فیڈریشن کے صدر کے درمیان گزشتہ شام اہم اور مثبت تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں پاکستان میں دونوں ممالک کی قومی ہاکی ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو کے موقع پر کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔کینیڈین حکام نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے رابطے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنی قومی ٹیم اور آفیشلز کے ہمراہ جنوری کے وسط یا فروری کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ سیریز کی حتمی تاریخیں، میچوں کی تعداد اور دیگر انتظامات باہمی مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔

کینیڈین وفد نے پاکستان آنے، روایتی پاکستانی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے اور ملک کی شاندار ہاکی تاریخ، ثقافت اور ماحول کا تجربہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کینیڈا کی جانب سے پاکستانی ہاکی کے تاریخی مقام کو بھی تسلیم کرتے ہوئے پاکستانی سرزمین پر ایک مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلنے کے لیے بھرپور جوش کا اظہار کیا گیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کینیڈا کے مثبت ردعمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مہمان ٹیم کو بہترین مہمان نوازی اور شاندار کھیلوں کا ماحول فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی دو طرفہ سیریز سے پاکستان کے بین الاقوامی ہاکی روابط مزید مضبوط ہوں گے جبکہ قومی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مقابلے اور قیمتی تجربے کا موقع ملے گا۔

پی ایچ ایف کے مطابق کینیڈا کا مجوزہ دورہ بین الاقوامی دو طرفہ ہاکی کی بحالی اور دنیا کی بہترین ہاکی ٹیموں کو پاکستان لانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔ رواں سال کے آخر یا اگلے سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران مزید تین ممالک کی ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے کے لیے بھی مذاکرات جاری ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں اعلی معیار کی بین الاقوامی ہاکی کے باقاعدہ انعقاد اور پاکستان کو عالمی ہاکی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 

مزید خبریں