انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) نے پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے جمعرات کو یہاں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں بانیان پاکستان کے وژن، قیادت اور جرات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قوم کی شاندار تاریخ، ناقابل تسخیر جذبے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا گیا۔ تقریب میں ادارے کی سینئر انتظامیہ، تحقیقاتی فیکلٹی، عملے اور انٹرنز …

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) نے پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے جمعرات کو یہاں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں بانیان پاکستان کے وژن، قیادت اور جرات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قوم کی شاندار تاریخ، ناقابل تسخیر جذبے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا گیا۔ تقریب میں ادارے کی سینئر انتظامیہ، تحقیقاتی فیکلٹی، عملے اور انٹرنز نے شرکت کی۔

تقریب کا سب سے اہم حصہ آئی ایس ایس آئی کے تحقیقاتی انٹرنز کی جانب سے تیار کردہ ایک خصوصی پروگرام تھا جس میں مختصر ڈاکومنٹریز دکھائی گئیں۔ جن میں پاکستان کی شاندار تاریخ، آزاد وطن کے حصول کے لیے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں اور مختلف مذاہب، نسلوں اور زبانوں سے مزین ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا گیا جبکہ پاکستانی عوام کے حب الوطنی کے جذبے، ریلزیلینس، مہمان نوازی اور قوم کی تعمیر کے عزم کی واضح تصویر پیش کی گئی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی معین الحق نے پاکستان کے سات دہائیوں پر محیط قابل فخر سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بابرکت ملک ہے اور اس کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں۔ اس لیے انہوں نے نظم و ضبط، احساس ذمہ داری، دیانتداری اور ایمانداری کے ذریعے ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے محنت کرنے پر زور دیا جنہیں انہوں نے قوم کی تعمیر کے لازمی ستون قرار دیا۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر طلعت شبیر نے کہا کہ قائد کے اصول ’’اتحاد، ایمان، تنظیم‘‘ آج بھی پاکستان کی قومی شناخت کا مرکز ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان اصولوں پر عمل پیرا ہوں اور اجتماعی طور پر ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کریں۔ اس موقع پر آئی ایس ایس آئی کے ان ملازمین کو بھی اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے ادارے میں دو دہائیوں سے زائد عرصہ خدمات سر انجام دی ہیں۔ یہ اعزاز ان کی طویل وابستگی، قیمتی خدمات اور ادارے سے وابستگی کے اعتراف میں دیا گیا۔ تقریب کا اختتام خصوصی کیک کاٹنے کی تقریب کے ساتھ ہوا۔

 

مزید خبریں