ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی پاکستان کا 80واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کے عزم کے ساتھ منایا گیا
ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی پاکستان کا 80واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کے عزم کے ساتھ منایا گیا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 14 اگست (اے پی پی):ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی پاکستان کا 80واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔ صوبے کے تمام اضلاع میں سرکاری سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات، ریلیوں، ملی نغموں، تقاریر، ثقافتی پروگراموں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف سی، لیویز، سیاسی و قبائلی رہنمائوں، طلبہ و طالبات، تاجروں، سول سوسائٹی اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔جمعہ کوصوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں پاکستان کا80واں یوم آزادی ملی اور قومی جوش وجذبے ،ملی یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کے عزم کے ساتھ منایاگیا ،سرکاری سطح پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرچم کشائی کی تقریبات کے علاوہ گوادر میں ماہی گیروں اور شہریوں کی جانب سے 100کشتیوں کی شاندار ریلی اور سکولوں میں تقاریب کاانعقاد کیاگیا، 79ویں یوم آزادی کے حوالے سے مرکزی تقریب کوئٹہ میں منعقد کی گئی ،مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں منعقد کی گئی جہاں مہمان خاص وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی تھے ۔
کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان نے 79 برس کے سفر میں صفر سے آغاز کرتے ہوئے دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا اور آج ایک ایٹمی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مخصوص حالات کے باوجود پورے صوبے میں ضلع سے ڈویژن اور گاں سے تحصیل تک جس جوش و جذبے کے ساتھ جشن آزادی منایا گیا، وہ عوام کی پاکستان سے وابستگی اور محبت کا واضح اظہار ہے۔ضلع حب میں سینیٹر دنیش کمار کی قیادت میں جشن آزادی کی ریلی اور تقریب منعقد ہوئی، جس میں انہوں نے بلوچستان کے عوام اور بچوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع اور وقار کی سربلندی کے لیے بلوچستان کے لوگ کسی سے پیچھے نہیں۔
انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکول کے بچوں کے لیے اسلام آباد کے مطالعاتی دورے کا اعلان بھی کیا۔خضدار میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی، جس میں قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، کمشنر قلات ڈویژن قادر بخش پرکانی، ڈی آئی جی قلات رینج وزیر خان ناصر، کمانڈنٹ قلات اسکاٹس کرنل عرفان، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ پولیس دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی جبکہ یادگارِ شہدا پر بھی حاضری دی گئی۔لورالائی میں ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ ڈویژنل پبلک اسکول میں طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلو، تقاریر اور ڈراموں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ یوم آزادی اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے تجدید عہد کا دن ہے۔مستونگ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس شاہی باغ میں ڈپٹی کمشنر بہرام سلیم کی سربراہی میں پرچم کشائی کی گئی جبکہ یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے گئے۔ مقررین نے کہا کہ قومی پرچم کے سائے تلے اتحاد اور قومی یکجہتی ہی پاکستان کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔گوادر میں یوم آزادی کے موقع پر ماہی گیروں اور شہریوں نے منفرد بوٹس ریلی کا انعقاد کیا، جس میں تقریباً 100 کشتیوں نے شرکت کی۔ قومی پرچموں سے سجی کشتیوں کا قافلہ گوادر جیٹی سے سمندر میں تقریبا دو ناٹیکل میل تک گیا اور شرکا نے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔
قلات میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کی قیادت میں شاندار جشن آزادی ریلی نکالی گئی، جس میں سرکاری افسران، سیاسی و قبائلی رہنماں، طلبہ و طالبات اور عوام نے شرکت کی۔ شرکا نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔سبی میں سرکٹ ہائوس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض، ڈی آئی جی سبی رینج، کمانڈنٹ سبی اسکاٹس، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
کوئٹہ کے حلقہ PB-39 نواب کلی میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ ،صوبائی وزیر میر علی مدد جتک کی قیادت میں سریاب سے ریلی ،پارلیمانی سیکرٹری سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی میٹروپولٹین کارپوریشن کے سامنے سے ریلیاں نکالی گئیں، ریلیوں میں نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے اور نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔کوئٹہ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ریجنل آفس کی جانب سے بھی یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پرچم کشائی، کیک کاٹنے اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا کے علاوہ آزادی بذریعہ تجارت و برآمدات کے موضوع پر پریزنٹیشن دی گئی۔ شرکا نے برآمدات کے فروغ اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بلوچستان کے دیگر اضلاع، ڈویژنل و ضلعی ہیڈکوارٹرز، تحصیلوں اور دور دراز علاقوں میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریبات، ریلیاں، اسکولوں میں ملی نغموں اور تقاریر کے پروگرام اور دیگر سرگرمیاں منعقد ہوئیں۔ تقریبات میں پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ مقررین نے قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو مشعل راہ بنانے اور صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔یوم آزادی کی تقریبات نے اس عزم کو اجاگر کیا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے خواہاں ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔







