وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات، پاکستانی طلباء کے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ اٹھایا
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات، پاکستانی طلباء کے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ اٹھایا

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات میں پاکستانی طلباء کے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ اٹھاتے ہوئے حکومتی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سینکڑوں پاکستانی طلباء ویزوں میں تاخیر کے باعث پریشانی کا شکار ہیں اور تاخیر کے نتیجے میں ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے پاکستانی طلباء کے لیے تعلیمی مواقع میں رکاوٹیں دور کرنا ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک زیر تعلیم پاکستانی طلباء سے متعلق قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک میں بہتری کے لیے ان کی سربراہی میں کمیٹی کام کر رہی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی سفارشات بھی مرتب کر لی ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستانی طلباء کے بیرون ملک تعلیم کے لیے قانونی و ادارہ جاتی فریم ورک کو مزید بہتر بنانے پر کام جاری ہے تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی طلباء کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اظہار خیال کیا گیا۔







