ایوان بالا اجلاس، اسلام آباد میں 6 فروری کو ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت ،متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):ایوان بالا نے پیر کے روز اسلام آباد میں 6 فروری کو ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرلی جس میں واقعے کی شفاف اور بروقت تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والا یہ ہولناک حملہ قابل مذمت ہے جس کے نتیجے میں …

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):ایوان بالا نے پیر کے روز اسلام آباد میں 6 فروری کو ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرلی جس میں واقعے کی شفاف اور بروقت تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والا یہ ہولناک حملہ قابل مذمت ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ایوان نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ سینیٹ نے واضح کیا کہ شہریوں، عوامی مقامات اور مذہبی اجتماعات کو نشانہ بنانا اسلام، انسانیت اور آئین پاکستان کے اقدار کے منافی ہے۔ قرارداد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امدادی ٹیموں کی بروقت کارروائی کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایوان بالا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملے کی مکمل، شفاف اور مقررہ مدت میں تحقیقات کی جائیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ قرارداد میں وفاقی دارالحکومت سمیت حساس مقامات پر سکیورٹی اور انٹیلی جنس رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔قرارداد کے مطابق واقعے کی جامع تحقیقات کے لیے فوری طور پر عدالتی کمیشن قائم کیا جائے اور اس کی رپورٹ چار ہفتوں کے اندر سینیٹ میں پیش کی جائے۔