ایوان بالا میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

140

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):ایوان بالا میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جس میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین، غزہ، شام اور مغربی کنارے پر جاری مظالم اور جنگی جرائم کی شدید مذمت کی گئی۔ جمعرات کو ایوان بالاکے اجلاس میں یہ قرارداد سینیٹر شیری رحمن نے پیش کی ۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اور شام میں جاری تنازعہ کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ قرارداد میں نشاندہی کی گئی کہ اسرائیل متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچنے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

قرارداد میں اسرائیل پر اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا اور اقوام متحدہ کے کارکنوں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔ سینیٹ نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کے کاز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

پاکستان نے شام پر اسرائیلی بمباری کی بھی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے ان غیر انسانی اقدامات کا نوٹس لیا جائے۔بعد ازاں ایوان بالا نے قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔