ایوان صدر کی جامع مسجد سے "علم کا اسلامی تصور اور تسخیر کائنات” کے موضوع پر خطبہ جمعہ براہ راست نشر

126

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):ایوانِ صدر کی جامع مسجد سے "علم کا اسلامی تصور اور تسخیر کائنات” کے موضوع پر خطبہ جمعہ براہِ راست نشر کیا گیا۔ ڈین علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے خطبہ دیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ایوان صدر کے حکام و عملہ کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے اپنے خطبہ میں اسلامی تعلیمات کے مطابق علم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے والی پہلی وحی میں علم کا ذکر آیا، اس سے علم کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم کی ایک قسم مشاہدہ اور دوسری قسم تحقیق و جستجو سے حاصل ہوتی۔ موجود ذخیرہ علم میں اضافہ تحقیق کہلاتا ہے اور اسی کی بنیاد پر انسان نے ترقی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علم و تحقیق ترقی یافتہ ممالک کی صفت ہے اور اس ان ممالک نے اس پر بہت توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ میں تحقیق اور اجتہاد کی روشن مثالیں موجود ہیں۔

اسلام نے دنیا کو آخرت کی کھیتی کہا ہے، اس کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ علم کسی ایک قوم کی جاگیر نہیں بلکہ پوری انسانیت کی میراث ہے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کے لئےایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔