ایبٹ آباد۔ 16 اگست (اے پی پی):ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کے ڈین /سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک نے کہا ہے کہ وہ کسی گروپ کا حصہ نہیں ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی ذاتی ایجنڈا ہے، گروپ بندیوں سے یہ ادارہ کبھی ترقی نہیں کر سکے گا۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو ہمارے کام پسند نہیں، ایوب میڈیکل کالج میں پانی کی نکاسی کا 60 فیصد مسئلہ حل کر دیا گیا ہے، فیکلٹی کی پروموشن اور دیگرمسائل چیئرمین بی او جی کی معرفت سے حل کئے ہیں، ایوب میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس نے جو مسائل بتائے ان کو بھی حل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نان ٹیچنگ سٹاف کے مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر کام کر رہے ہیں، انشاءاﷲ بہت کم عرصہ میں ہسپتال میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی، ہم مثبت سوچ لیکر آئے ہیں اور سب کو ساتھ لیکر ہسپتال میں مریضوں کو مزید بہتر سہولیات پہنچائیں گے۔