ایبٹ آباد ۔ 31 جولائی (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر داؤد اقبال نے ہسپتال کا دورہ کیا اور صفائی اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اے ٹی ایچ کے مطابق ڈاکٹر داؤد اقبال نے ہسپتال کے کلیدی شعبوں کا جامع معائنہ کیا جن میں سی سی یو، سرجیکل اے، میڈیکل آئی سی یو، میڈیکل بی، کینٹین، ایمرجنسی، لیبر روم، پیڈز ایمرجنسی، نرسری اور فارمیسی شامل ہیں۔
ہسپتال ڈائریکٹر نے لیبارٹری میں مشین کے خراب ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوری تفصیلی تحریری رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس کے علاوہ لیبر روم اور پیڈز ایمرجنسی میں نرسنگ سٹاف کی ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن لینے کے احکامات بھی جاری کئے، اس کے علاوہ فارمیسی میں ٹمپریچر کو بھی چیک کیا گیا۔
یہ دورہ ہسپتال کے معیار کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے جاری اقدام کا حصہ ہے جس میں ان اہم شعبوں کی صفائی کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ دورے کے دوران ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر داود اقبال نے مریضوں کے لواحقین سے بات چیت کی۔
ڈاکٹر داؤد اقبال نے مریضوں اور عملے دونوں کے لیے صاف ستھرا اور محفوظ ماحول برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح اچھا علاج اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے جہاں مریضوں کو بہترین ممکنہ نگہداشت حاصل ہو سکے۔ یہ دورہ ہمارے معیار کو برقرار رکھنے اور بلند کرنے کی ہماری مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔