ایچ ای سی اور یونیورسٹی آف یوٹاہ کے مابین مختلف تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینےکے حوالے سے معاہدہ

124
HEC
HEC

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور یونیورسٹی آف یوٹاہ کے درمیان پاکستان کی سرکاری جامعات میں استعداد کار بڑھانے کی مختلف سرگرمیوں کو فروغ دینےکے حوالے سے معاہدہ کیا گیا، یہ اقدام امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ذریعے ہائر ایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹیویٹی (ایچ ای ایس ایس اے ) کی معاونت سے طے پایا جس کا مقصد اساتذہ کی ترقی، حکمت عملی کی منصوبہ بندی، پالیسی اصلاحات، اور ادارہ جاتی گورننس کو بہتر بنانا ہے۔ تقریب میں ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر اینڈریو مک کم اور ایچ ای سی، یونیورسٹی آف یوٹاہ، اور یو ایس ایڈ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ایچ ای سی کی جانب سے ایڈوائزر گلوبل انگیجمنٹ اویس احمد اور یونیورسٹی آف یوٹاہ کے پروفیسر آف سول انجینئرنگ ڈاکٹر مائیکل باربر نے اپنے متعلقہ اداروں کی طرف سے دستاویز پر دستخط کئے۔ اس اقدام کے تحت 16 پاکستانی جامعات کو اس شراکت داری میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ پہلے سے 16 جامعات کو ایچ ای ایس ایس اے کے ذریعے تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ شراکت یو ایس ایڈ کے اس مشن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کو بین الاقوامی شراکتوں کے ذریعے مضبوط بنانا ہے تاکہ پاکستانی جامعات کو عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

یونیورسٹی آف یوٹاہ کے ساتھ شراکت داری ایچ ای سی کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ ایسی دیرپا عالمی تعلیمی شراکتیں قائم کرے جو طلباء اور اساتذہ دونوں کے لئے مفید ہوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے اس قسم کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یونیورسٹی آف یوٹاہ کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے اساتذہ اور ادارہ جاتی رہنماؤں کو پاکستان میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ سابقہ تعاون کے نتائج پر روشنی ڈالی اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے یو ایس ایڈ کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کے لئے ’سونے کی کان‘ ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔اینڈریو مک کم نے بھی اس عزم کو دہرایا اور کہا کہ یو ایس ایڈ اس اہم اقدام کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے جو پاکستان میں پائیدار ترقی کے حصول میں تعلیم کے کردار کو مستحکم کرتا ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر مائیکل باربر نے کہا کہ یونیورسٹی آف یوٹاہ اس تعاون کے لیے انتہائی پُرجوش ہے۔ ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری کوہم اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں ،پاکستان کے تعلیمی نظام کو آگے بڑھانے کیلئے ہم مل کر جدت کو فروغ دینے، علم کے تبادلے کو بڑھانے اور تعلیمی ترقی کی حوصلہ افزائی کا عزم رکھتے ہیں۔