ایچ ای سی او ر زونگ فورجی کا تاریخی اشتراک، پاکستان میں ڈگریوں کی تصدیق کا پہلا بلاک چین نظام متعارف

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان کی معروف انفارمیشن سروسز اور ٹیکنالوجی انوویشن کمپنی زونگ فورجی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ملک کا پہلا بلاک چین پر مبنی ڈگری تصدیقی نظام متعارف کرا دیا ہے۔ یہ اقدام تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔یہ جدید نظام زونگ کی ذیلی کمپنی چائنا موبائل کے …

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان کی معروف انفارمیشن سروسز اور ٹیکنالوجی انوویشن کمپنی زونگ فورجی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ملک کا پہلا بلاک چین پر مبنی ڈگری تصدیقی نظام متعارف کرا دیا ہے۔ یہ اقدام تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔یہ جدید نظام زونگ کی ذیلی کمپنی چائنا موبائل کے عالمی تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جو روایتی، کاغذی اور وقت طلب تصدیقی طریقۂ کار کی جگہ ایک محفوظ، شفاف اور مکمل ڈیجیٹل ایکوسسٹم فراہم کرے گا۔

بلاک چین ٹیکنالوجی کی ناقابلِ تبدیل، شفاف اور اعلیٰ درجے کی سکیورٹی خصوصیات کی بدولت تعلیمی ریکارڈز کو جعل سازی سے سو فیصد محفوظ بنایا جائے گا۔اس پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر میں آجر اداروں اور تعلیمی تنظیموں کے لیے ڈگریوں کی فوری اور مستند تصدیق ممکن ہو سکے گی، جس سے بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ اس نظام کے تحت جسمانی حاضری، طویل انتظار اور انتظامی تاخیر جیسے مسائل کا بھی مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔نئے بلاک چین سسٹم سے 60 لاکھ سے زائد انرولڈ اور سابق طلبہ مستفید ہوں گے، جبکہ ہر سال تقریباً چار لاکھ نئے طلبہ کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔

اس موقع پر زونگ فورجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور کنٹری ہیڈ آف بزنس سلوشنز فاروق رضا خان نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ہم اعتماد پر مبنی ایک مضبوط ڈیجیٹل بنیاد رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا پہلا اور بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل تبدیلی کی ہماری صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

بلاک چین کے استعمال سے ڈگری کی اصلیت کی تاحیات ضمانت فراہم کی جا رہی ہے، جو ڈیجیٹل عوامی خدمات کے لیے ایک نیا معیار قائم کرے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ محض ایک تصور نہیں بلکہ عملی نفاذ کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ آئندہ چند ماہ میں پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز کے ساتھ اس نظام کو تیزی سے وسعت دی جائے گی۔

ابتدائی مرحلے میں پاکستان کے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو اس پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں اس بلاک چین فریم ورک کو دیگر سرکاری اداروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔زونگ فورجی کا یہ اقدام پاکستان کے ڈیجیٹل منظرنامے کو مضبوط بنانے اور شفاف، قابلِ اعتماد سرکاری سروسز کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔