اسلام آباد/کولمبو ۔3نومبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے علامہ محمد اقبال سکالرشپ پروگرام کے تحت سری لنکن طلباء کے چھٹے بیچ کو200 مکمل اور جزوی طور پر فنڈڈ سکالرشپ سے نوازاہے۔ اس سال کے ایوارڈ یافتگان کے علاوہ سری لنکا کے تقریباً 500 طلبہ پہلے ہی پاکستان کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں میں گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سطح پر اپنی تعلیمی ڈگریاں مکمل کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے پاکستان ہائی کمیشن کولمبو کے تعاون سے کولمبو میں سری لنکن طلباء کے لیے علامہ محمد اقبال سکالرشپ ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل شیویندرا سلوا تھے جبکہ پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے پاک سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جہانزیب خان نے سری لنکا کے طلباء کو مبارکباد دی اور شرکاء کو سکالرشپ پروگرام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے علاقائی اقتصادی استحکام لانے اور دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سری لنکا کے طلباء کو یہ وظائف دینا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ عزم اور استقامت کے ساتھ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ اپنی تعلیم کو آگے بڑھاتے ہیں تو یاد رکھیں کہ آپ اپنے ملک اور اپنی ثقافت کے سفیر ہیں۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بشمول تاجروں، ماہرین تعلیم، ایوارڈ یافتہ طلباء کے والدین اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی، ہائی کمشنر اور دیگر معززین نے طلباء میں سکالرشپ ایوارڈز تقسیم کئے۔