ایچ ای سی کے ڈیٹا سینٹر نے اعلی سرٹیفیکیشن کااعزاز حاصل کر لیا

160
HEC
HEC

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی ) کے ڈیٹا سینٹر نے اعلی سرٹیفیکیشن کااعزاز حاصل کر لیا۔ ہفتہ کو جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ایچ ای سی نے معلومات اور اعداد و شمار تک رسائی کو بڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر قبولیت حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام کاپائے تکمیل تک پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ مرکز یونیورسٹیوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے اور ان کے IT انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ نئے قائم کردہ ڈیٹا سینٹر نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی ہے۔ ایچ ای سی کے اس ڈیٹا سینٹر کو کمیونیکیشن انڈسٹری ایسوسی ایشن 942 کی جانب سے معتبر سند’ڈیزائن ڈاکومنٹ سرٹیفیکیشن’ کا اعزاز دیا گیا ہے، جو کہ قوم کے لیے قابل فخر کامیابی اور پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے لیے ایک حوصلہ افزاء پیش رفت ہے۔ ڈیٹا سینٹرز کے ڈیزائن اور ساخت کے حوالے سے ریٹڈ تھری عالمی سطح پر مانا جانے والا معتبر ترین معیار ہے جو ایچ ای سی کے ڈیٹا سینٹر نے حاصل کیا ہے۔یہ سند جدید ڈیٹا سینٹر کے اعلی معیار، توسیع پذیری، بے خطر اور عملی کارکردگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یونیورسٹیوں کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ (ایچ پی سی)، اعداد و شمار ذخیرہ کرنے اور مضبوط روبط رکھنے کی ضرورتوں کو پورا کرنے والے اعلی کارکردگی والے سرور فراہم کرنے کا وعدہ ایچ ای سینے پورا کردیا ہے۔ اس ڈیٹا سینٹر کا قیام اعلیٰ تعلیم میں تکنیکی انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کے عزم کا مظہر ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ایچ ای سی کی پوری آئی ٹی ٹیم کو مبارکباد دی ہے، اور این ای ڈی یونیورسٹی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے۔