آسٹریلیا کے مایہ ناز لیگ سپنر ایڈم زمپا بگ بیش لیگ کے آئندہ سیزن27۔2026سے ہوبارٹ ہریکینز کا حصہ بن گئے ہیں۔
ایڈم زمپا بی بی ایل 27۔2026 کے لئے ہوبارٹ ہریکینز میں شامل، دو سالہ معاہدے پر دستخط کر دیئے

مزید خبریں
ہوبارٹ۔9ستمبر (اے پی پی):آسٹریلیا کے مایہ ناز لیگ سپنر ایڈم زمپا بگ بیش لیگ کے آئندہ سیزن27۔2026سے ہوبارٹ ہریکینز کا حصہ بن گئے ہیں۔
ای ایس پی این کے مطابق ایڈم زمپا نے فری ایجنٹ مارکیٹ کے ذریعے میلبورن رینیگیڈز سے ہوبارٹ ہریکینز کا رخ کیا ہے اور آئندہ 2 سیزنز کے لیے ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔34 سالہ ایڈم زمپا آسٹریلیا کی جانب سے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائولر ہیں، جبکہ وہ بگ بیش لیگ کی تاریخ کے کامیاب ترین سپنر بھی ہیں۔ انہوں نے بگ بیش لیگ کے 121 میچز میں 138 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 7.28 رہا ہے۔ہوبارٹ ہریکینز ایڈم زمپا کا بگ بیش لیگ میں 5واں کلب ہوگا۔
اس سے قبل وہ سڈنی تھنڈر، ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، میلبورن سٹارز اور میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ہوبارٹ ہریکینز میں شمولیت پر ایڈم زمپا نے کہا کہ وہ ٹیم کا حصہ بننے کے لیے بہت پُرجوش ہیں۔ ان کے مطابق ہوبارٹ ہریکینز ایک مضبوط سکواڈ ہے جس نے گزشتہ چند سیزنز میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ ٹیم کے ساتھ مل کر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔
ایڈم زمپا نے کہا کہ وہ ٹیم کے کپتان نیتھن ایلس کو طویل عرصے سے جانتے ہیں اور ان کے ساتھ کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں، اس لیے ہوبارٹ ہریکینز میں ان کے ساتھ دوبارہ کھیلنے کا موقع بھی ان کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔کرکٹ تسمانیہ کی جنرل منیجر برائے ہائی پرفارمنس سیلیئن بیمز نے ایڈم زمپا کی شمولیت کو ٹیم کے لیے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فری ایجنٹ مارکیٹ میں دستیاب سب سے بڑے ناموں میں سے ایک تھے اور ہوبارٹ ہریکینز ان کے انتخاب پر بہت خوش ہے۔
سیلیئن بیمز کے مطابق ایڈم زمپا کا تجربہ اور مہارت ہوبارٹ ہریکینز کے پہلے سے مضبوط بولنگ اٹیک کو مزید تقویت دے گی، جس میں نیتھن ایلس، رائلی میریڈتھ اور بلی سٹین لیک جیسے بولرز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایڈم زمپا بگ بیش لیگ کے حالات اور مقابلے کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اہم مواقع پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کی شمولیت ہوبارٹ ہریکینز کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔







