ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ریونیو کی زیر صدارت اہم اجلاس

102

ننکانہ صاحب۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ننکانہ مزمل الیاس کی زیرصدارت بورڈ آف ریونیو انیشیٹوز اور ریونیو ریکوری کے ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے حوالے سے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ضلع بھر کی ریونیو حرارکی بھی اجلاس میں شریک تھی۔اسسٹنٹ کمشنر اور ریونیو افسران نے ریونیو ریکوری کے ٹارگٹ اور ابتک کی وصولی بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ریونیو ریکوری بارے افسران کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی نگرانی میں ریونیو افسران اور دیگر عملے کو ریونیو ریکوری کے حصول کے لیے فیلڈ میں نکالیں اور ان کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا اچھا کام کرنے والے افسران و عملے کو شاباش ملے گی اور سستی و لاپرواہی کرنے والوں کی سرزنش کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر کے تمام دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنا کر ریکوری کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو انیشیٹوز پر من و عن عملدرآمد کیا جائے، اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیہی مراکز مال میں عوامی سہولیات کے پیش نظر انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے اور عوام الناس کو انکے گھر کی دہلیز پر ریونیو سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران زیرسماعت کیسز کے جلد از جلد انصاف پر مبنی فیصلے کریں اور کھیوٹ ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے رپورٹ پیش کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام ریونیو افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پینڈنگ انتقالات کو فی الفور پاس کیا جائے اور فیسز کو 30 اکتوبر تک خزانے میں جمع کروایا جائے۔