ایڈیشنل کلکٹر گلگت کی زمینوں کے تنازعات کے مقدمات پر سماعت

93

گلگت۔15جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل کلکٹر گلگت عارف حسین نے زمینوں کے تنازعات کے مقدمات پر ایڈیشنل کلکٹر کورٹ میں سماعت کی۔ بدھ کو ڈپٹی کمشنر/کلکٹر گلگت امیر اعظم حمزہ کی ہدایات پر ایڈیشنل کلکٹر نے عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینوں کے تنازعات کے کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے گا۔سماعت کے دوران 19 کیسز پیش کیے گئے جن میں سے 12 کے فیصلے سنائے گئے۔

چار کیسز کے حوالے سے تینوں سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سے رپورٹ طلب کی گئی جبکہ تین کیسز کے فریقین غیر حاضر تھے۔ ایڈیشنل کلکٹر نے ریکارڈ مال کی بنیاد پر فیصلے جاری کیے اور ہدایات دیں کہ فیصلوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔چار کیسز کے متعلق اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ ریکارڈ مال اور موقع کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ جلد پیش کریں تاکہ ان کیسز کے فیصلے کیے جا سکیں۔ غیر حاضر فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ آئندہ پیشی پر وہ حاضر ہوں بصورت دیگر قانونی کارروائی کے تحت کیسز خارج کر دیے جائیں گے۔سائلین نے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر کا شکریہ ادا کیا۔ دوران سماعت درستگی ریکارڈ، بحالی انتقالات، شجرہ نصب، اپیل، اخراج ملکیت، منسوخی انتقالات اور دیگر زمینوں سے متعلق کیسز کی سماعت کی گئی۔