ایڈیلیڈ۔4جنوری (اے پی پی): روس کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر سات ڈینیئل مدویدوف اور روس کے ہی کیرن خچانوف اے ٹی پی ایڈیلیڈ انٹرنیشنل ون ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے۔
روسی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدوف نے دوسرے رائونڈ میں سربیا کے حریف کھلاڑی میومیر کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ روس کے ہی کیرن خچانوف نے مردو ں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں برطانوی حریف کھلاڑی جیک الیگزینڈر ڈریپر کو ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ میں جگہ بنائی ۔ رواں سال کا پہلا اے ٹی پی ایڈیلیڈ انٹرنیشنل ون ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلیا کے مشہور شہر ایڈیلیڈ میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
بدھ کو کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدوف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سربین حریف کھلاڑی میو میر کو سٹریٹ سیٹس میں 0-6 اور 3-6 سے ہرا دیا۔ ایک اور میچ میں روس کے کیرن خچانوف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے جیک الیگزینڈر ڈریپر کو سیدھے سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے دونوں روسی کھلاڑی ٹاپ ایٹ رائونڈ میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=344728