ڈارون۔18اگست (اے پی پی):ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کو 30 رنز سے شکست دے دی ، پاکستان شاہینز کی ٹیم 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، عباس آفریدی 54 رنز بنا کر نمایاں رہے ، سٹرائیکرز کے جیک ونٹر نے شاندار سنچری بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ،
اتوار کے روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، سٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے ، 57 رنز پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد جیک ونٹر اور ہیری میننٹی نے 73 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا ، جیک ونٹر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے ، انہوں نے فیصل اکرم کے ایک ہی اوور میں 5 چھکے مارے، ہیری میننٹی نے 52 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے ۔ عباس آفریدی نے تین اور فیصل اکرم نے دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پاکستان شاہینز کی ٹیم 18.1 اوورز میں 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان شاہینز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پانچویں اوور تک اس کی 4 وکٹیں صرف 33 کے مجموعی اسکور پر گر گئی تھیں جن میں سے صرف کپتان محمد حارث ہی 19 رنز کے ساتھ ڈبل فگرز میں آسکے تھے، بعد میں آنے والے بیٹرز میں عثمان خان 32 اور مبصر خان 18 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے ۔
عباس آفریدی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے ، انہوں نے عارف یعقوب کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ کیا لیکن یہ کوششیں ناکافی ثابت ہوئیں، فاتح ٹیم کی طرف سے لیئم اسکاٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان شاہینز کو ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے فائنل میں این ٹی اسٹرائیک کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔