فیصل آباد۔22فروری (اے پی پی):محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے افسران کو28 فروری تک 70 فیصد ریکوری کے اہداف پورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا کہ اس ضمن میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب حافظ ممتاز احمد اور سیکرٹری ایکسائز کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب کی جانب سے فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا،ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، لاہور کے ڈویژنل ڈائریکٹرز اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ آفیسرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام حکام 28 فروری تک 70 فیصد تک ریکوری یقینی بنائیں اور سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے بصورت دیگر اہداف پورے نہ کرنے والے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاران سے باز پرس کی جائے گی۔
انہوں نے بتایاکہ ڈی جی ایکسائز نے صوبہ کے چند مقامات پر ریکوری کی غیر تسلی بخش صورتحال پر بھی ناپسندیدگی کااظہار کیاہے اور کہاہے کہ اس ضمن میں آئندہ کوئی تساہل برداشت نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں مقررہ اہداف کی تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے تمام صارفین و سٹیک ہولڈرز متعلقہ افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ہر قسم کے واجبات بروقت ادا کردیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی ناخوشگوار صورتحال کاسامنانہ کرناپڑے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=296462