ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستان کا خصوصی پویلین قائم ، مختلف کاروباری اورثقافتی ایونٹس کے انعقاد میں بالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقعوں کوخاص طور پر اجاگر کیا جائے گا

129

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستان کا خصوصی پویلین بھی قائم کردیا گیا جس کے تحت مختلف کاروباری اورثقافتی ایونٹس کے انعقاد میں بالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقعوں کوخاص طور پر اجاگر کیا جائے گا ۔راوی ریور فرنٹ منصوبہ بھی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے دبئی ایکسپو میں نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا ،

سرمایہ کاری بورڈ نے ایکسپو کے دوران مختلف ایونٹس ترتیب دیئے ہیں جن میں پاکستان کی طرف سے ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بالخصوص سرمایہ کاری کے مواقعے سے دنیا کو روشناس کرایا جائے گا ۔

پاکستان پویلین میں ”پاکستان میں سرمایہ کاری مہم ” پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور مختلف کاروباری ایونٹس منعقد ہوں گے جن میں حکومتی ادارے ، کاروبایر شخصیات اور کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقعے کو اجاگر کریں گی۔سرمایہ کاری بورڈ 5 اکتوبر کو الیکٹرک وہیکل پالیسی پر سمینار کا انعقاد کرے گا جبکہ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی پر ایک سیشن بھی منعقد ہوگا۔

سیشن میں ملک بھر میں صفائی ستھرائی اور درخت لگانے کی مہم کی حوصلہ کرنے کےلئے کلین گرین پاکستان پر روشنی ڈالی جائے گی۔ ایونٹس کا مقصد نوجوان نسل کو موسمیاتی تبدیلی اور جاری اقدامات کے حوالے سے کردار ادا کرنے کےلئے آگاہی فراہم کرنا بھی ہے ۔ خواتین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلئے اہم کردار ادا کررہی ہیں اور پاکستان تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے پرعزم ہے ۔